ملک بھر کے چوکوں کو ڈی چوک بنائیں گے، وزیراعلیٰ کے پی

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حالات سے لگ رہا ہے کہ آج بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جائے گی، اگر ایسا ہی رہا تو آج رات 10 بجے ملک بھر کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایت کی کہ رات 10 بجے پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لے کر چوک چوراہوں میں نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے ساتھ جو رویہ روا رکھا گیا ہے، وہ غلط ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پورے پاکستان کو ضد اور انا کی بنیاد پر تباہی کی جانب لے جایا جا رہا ہے، نظام تباہ ہوچکا ہے اور اس نظام کو لانے والے ہی اس کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا فوکس 27 ستمبر کے مارچ پر رکھیں۔ ان کے مطابق 27 ستمبر کی کال مخالفین کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔ گزشتہ روز خیبر میں عوام کا سمندر نکلا، آئندہ دیگر اضلاع میں بھی جائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے 27 ستمبر کو 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس سے بھی زیادہ لوگ اسلام آباد لائیں گے۔ اگر حکومت حالات بہتر کرنا چاہتی ہے تو 28 ستمبر سے پہلے ہماری ملاقات کرائی جائے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں ملک سے مخلص نہیں، حتیٰ کہ حکومتی وزرا بھی کہہ رہے ہیں کہ سسٹم کولیپس کرچکا ہے۔