اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے اسلاف نے بے مثال قربانیاں دیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریکِ آزادی کے دیگر رہنماؤں کی مدبرانہ قیادت اور مسلمانانِ ہند کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو آزاد مملکت کا قیام عمل میں آیا۔ آج قوم تحریکِ آزادی کے قائدین، کارکنان اور اپنے اسلاف کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعلیمات اور بانیٔ پاکستان کے نظریات کے مطابق تمام شہریوں کو بلاامتیاز آزادی، عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین و قوانین شہریوں کے بنیادی حقوق کے ضامن ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم نے دفاع، معیشت، صنعت، تعلیم، سائنس، زراعت، کھیل اور دیگر شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ باصلاحیت نوجوان، ہنرمند افرادی قوت، پیشہ ور ماہرین، کسان اور محنت کش ملک کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال میں مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع اور عالمی معیار کی تعلیم و ہنر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے ہر مشکل گھڑی اور دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دے کر وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا۔ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
محمد شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے مسئلے کے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں مضمر ہے۔
انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر وطن کے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں، غازیوں اور شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے۔
وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر قومی عزم کی تجدید کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے لیے متحد ہوکر کام کیا جائے۔ انہوں نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی دعوت بھی دی۔






