کراچی: سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل گرد آلود آندھیوں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے صوبے میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کمی اور بعض علاقوں میں گرد آلود آندھی اور بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر میں کل تک واضح کمی آنے کا امکان ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق بالائی اور وسطی سندھ کے اضلاع بشمول کشمور، شکارپور، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، جامشورو، دادو، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو الہ یار، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بعض مقامات پر تیز آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ان موسمی حالات کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں بہتری متوقع ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی سے ریلیف مل سکتا ہے۔ ساتھ ہی متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






