شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مزید 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میران شاہ اور اس کے گرد و نواح میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ان آپریشنز میں فائرنگ کے شدید تبادلوں کے بعد بھارت کی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف ایان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں سمیت متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں اور باقی دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی انسداد دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






