واٹس ایپ کا سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرنے کا نیا فیچر متعارف

*واٹس ایپ کا بڑا فیچر، اب فیس بک اور انسٹاگرام کی پوسٹس براہ راست شیئر ہوں گی*

 

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نئے اور اہم فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے۔

 

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں کراس شیئرنگ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے بعد صارفین فیس بک اور انسٹاگرام کی تصاویر، ویڈیوز اور ریلز براہ راست واٹس ایپ پر شیئر کر سکیں گے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ میں میڈیا پِکر کھولنے پر میڈیا سورسز کی فہرست میں اب فیس بک اور انسٹاگرام کا آپشن بھی نظر آئے گا۔ صارف وہاں سے اپنی یا سیو کی گئی اسٹوریز، پوسٹس اور ریلز کو منتخب کر کے فوری طور پر واٹس ایپ چیٹ، اسٹیٹس یا گروپس میں شیئر کر سکے گا۔

 

فیس بک اور انسٹاگرام کا تمام دستیاب میڈیا گرڈ کی شکل میں دکھایا جائے گا تاکہ مطلوبہ تصویر یا ویڈیو کو تلاش کرنا اور منتخب کرنا آسان ہو جائے۔

 

فی الحال یہ فیچر محدود بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں ہے، اور عام صارفین کے لیے اسے کب تک پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے کمپنی نے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔