سستی ترین نئی چھوٹی الیکٹرک گاڑی متعارف

چین کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی BYD نے جاپان کی آٹو مارکیٹ میں اپنی نئی چھوٹی الیکٹرک گاڑی “ریکو (Racco)” متعارف کرا دی ہے، جسے جاپانی کار ساز کمپنیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق BYD آٹو جاپان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اتسوکی توفوکوجی نے اعلان کیا کہ حکومتی سبسڈی شامل ہونے کے بعد ریکو کی ابتدائی قیمت 20 لاکھ ین سے کم ہوگی، جو تقریباً 12,210 امریکی ڈالر بنتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ گاڑی ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد کم از کم 210 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔ BYD کا مقصد اس گاڑی کے ذریعے جاپان کی مقبول “کےئی کار” مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرنا ہے، جہاں چھوٹی اور کم قیمت گاڑیوں کی طلب زیادہ ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق BYD ریکو کا براہِ راست مقابلہ نسان ساکورا سے ہوگا، جو اس وقت جاپان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی الیکٹرک گاڑیوں میں شامل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان میں BYD کی نئی گاڑی کے داخلے سے مقامی آٹو ساز کمپنیوں کے درمیان مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ کم قیمت، مناسب ڈرائیونگ رینج اور الیکٹرک ٹیکنالوجی کی وجہ سے یہ گاڑی جاپانی صارفین کی توجہ حاصل کر سکتی ہے۔

close