پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور ٹیموں کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپیئنز کپ 2026-27 کے شیڈول اور چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف ملکی ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کرے گا بلکہ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر 7 ون ڈے میچز ہوں گے، جبکہ تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے۔

نیشنل سلیکشن کمیٹی نے چار ٹیموں کے لیے 11، 11 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کا اعلان کیا ہے، جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کسی کھلاڑی کے انجری یا دیگر ناگزیر وجوہات کی صورت میں ریزرو فہرست سے متبادل کھلاڑی ٹیم کا حصہ بن سکے گا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز شرکت کریں گی۔

کپتان اور ہیڈ کوچز

چاروں ٹیموں کی قیادت درج ذیل کھلاڑی کریں گے:

  • شاداب خان — ہیڈ کوچ: اعجاز جونیئر
  • شاہین شاہ آفریدی — ہیڈ کوچ: مصباح الحق
  • صائم ایوب — ہیڈ کوچ: اقبال امام
  • صاحبزادہ فرحان — ہیڈ کوچ: اعزاز چیمہ

شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم

عبدالصمد، عبدالسبحان، فیصل اکرم، حیدر علی، کامران غلام، معاذ صداقت، محمد نواز، محمد اخلاق، محمد عمران اور سعد خان۔

صاحبزادہ فرحان کی ٹیم

احمد دانیال، عرفات منہاس، حسن علی، حسین طلعت، جہانداد خان، روحیل نذیر، شمائل حسین، صفیان مقیم، تیمور خان اور طیب طاہر۔

صائم ایوب کی ٹیم

عاکف جاوید، علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، محسن ریاض، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، شاہزیب خان اور عثمان خان۔

شاداب خان کی ٹیم

فہیم اشرف، فخر زمان، فرحان یوسف، مہران ممتاز، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، سعد بیگ اور سمیر منہاس۔

چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مخصوص کردار کے مطابق بہتر تیاری کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل چیمپیئنز کپ ایسے وقت میں منعقد کیا جا رہا ہے جب پاکستان ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ میچ پریکٹس فراہم کرنا پی سی بی کی اہم ترجیح ہے۔

پی سی بی کے مطابق ریزرو کھلاڑیوں کی شمولیت کا مقصد بھی یہی ہے کہ انجری یا دیگر غیر متوقع حالات کی صورت میں ٹیموں کے پاس مناسب متبادل دستیاب ہوں اور ٹورنامنٹ متاثر نہ ہو۔

close