آئل ریفائننگ پالیسی میں ترامیم منظور، وزیراعظم کی پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ریزروز بڑھانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ریفائنریز کی بہتری سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو کارکردگی بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اس پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ اصلاحاتی عمل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر کام جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر میں اضافے کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے روڈ شوز منعقد کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

close