یوٹیوب نے شارٹس ویڈیوز بنانے والے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب تخلیق کار اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کا تھمب نیل منتخب یا اپ لوڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو اپنے مواد کو زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی ویڈیوز زیادہ نمایاں ہو سکیں اور زیادہ ناظرین تک پہنچ سکیں۔
ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے وابستہ تخلیق کاروں کے لیے دستیاب کی گئی ہے، یعنی وہ صارفین جو اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے صارفین اب اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے کسٹم تھمب نیل تصویر اپ لوڈ کر سکیں گے۔
یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے سے اپ لوڈ کی گئی شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیلز بھی تبدیل کر سکیں گے۔ کمپیوٹر صارفین کو ویڈیو کے تین تجویز کردہ فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
یہ سہولت طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے پہلے سے موجود تھی، تاہم اب اسے شارٹس ویڈیوز تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔ موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین بدستور ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔
یوٹیوب کے مطابق تجویز کردہ تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ وہ ناظرین کی توجہ بہتر انداز میں حاصل کر سکیں۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ فیچر ابتدائی مرحلے میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ مستقبل میں اسے مرحلہ وار مزید تخلیق کاروں تک وسعت دی جائے گی۔






