خطرناک وائرس کی تصدیق، ہنگامی الرٹ جاری

نیوزی لینڈ میں پہلی بار مہلک H5 برڈ فلو وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد حکام نے نگرانی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق دارالحکومت ویلنگٹن کے علاقے پیٹون بیچ پر مردہ حالت میں ملنے والے براؤن اسکوا نامی سمندری پرندے میں H5 وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے بایو سیکیورٹی اور فوڈ سیفٹی کے وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے بتایا کہ وائرس صرف ایک سمندری پرندے میں پایا گیا ہے اور فی الحال جنگلی پرندوں میں بڑے پیمانے پر اموات یا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے۔ ان کے مطابق اب تک ملک کے کسی بھی پولٹری فارم میں وائرس کی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی۔

یہ پیش رفت آسٹریلیا میں گزشتہ ماہ H5 برڈ فلو کی تصدیق کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے بعد نیوزی لینڈ بھی اس وائرس سے متاثر ہونے والا خطے کا ایک اور ملک بن گیا ہے۔

وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا کہ عام شہریوں کے لیے H5 برڈ فلو کا خطرہ انتہائی کم ہے، کیونکہ یہ وائرس شاذ و نادر ہی انسانوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے لیے بیمار پرندوں سے براہِ راست، قریبی اور طویل رابطہ ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت استعمال کرنا محفوظ ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیمار یا مردہ پرندوں کو ہاتھ نہ لگائیں۔ اگر کسی ایک مقام پر تین یا اس سے زیادہ مردہ یا بیمار پرندے نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ملک کی نایاب پرندوں کی نسلوں، جن میں کاکاپو اور تاکاہے شامل ہیں، کے تقریباً 300 افزائشی پرندوں کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے تاکہ انہیں ممکنہ وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق H5 برڈ فلو وائرس 2021 سے دنیا بھر میں جنگلی پرندوں اور مختلف ممالیہ جانوروں میں پھیل رہا ہے، جس کے باعث لاکھوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وائرس نے متعدد پولٹری اور ڈیری فارمز کو بھی متاثر کیا ہے، جبکہ بعض فارم ورکرز میں بھی اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

close