اداکارہ مومنہ اقبال کیس ، ثاقب چدھژ اور اہلیہ کو بڑا ریلیف مل گیا

اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی۔ سماعت کے دوران مومنہ اقبال کی جانب سے ایڈووکیٹ عدنان احسان جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا معروف عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور انہیں تفتیش میں قصوروار قرار دیا گیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی آزادی درخواست گزار کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

close