آبنائے ہرمز کا انتظام؛ عمان نے خلیجی ممالک کا حمایت یافتہ نیا منصوبہ ایران کے سامنے رکھ دیا

عمان نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی کے لیے ایک نئی تجویز ایران کو پیش کی ہے، جسے خلیجی ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ایران آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے بحری جہازوں سے بحری خدمات کے عوض رضاکارانہ سروس فیس وصول کر سکے گا، تاہم یہ فیس لازمی نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اس تجویز کا مقصد حالیہ کشیدگی اور جنگ کے باعث عالمی تیل کی تجارت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو کم کرنا اور بحری آمدورفت کو معمول پر لانا ہے۔

مجوزہ نظام کے تحت ایران کو آبنائے ہرمز پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہوگا بلکہ انتظامی معاملات میں علاقائی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس ماڈل کو آبنائے ملاکا کے نظام سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور جہاز رانی، ماحولیاتی تحفظ اور سرچ اینڈ ریسکیو خدمات کے لیے رضاکارانہ فیس وصول کرتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان آل سعود سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورت حال اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تھا، جس کے باعث عالمی بحری تجارت شدید متاثر ہوئی۔ بعد ازاں امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی مفاہمت کے بعد بحری آمدورفت جزوی طور پر بحال ہوئی، تاہم بعد میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دوبارہ شدت اختیار کر گئے اور صورتحال ایک مرتبہ پھر فوجی کارروائیوں تک جا پہنچی۔

امریکی فضائی حملوں کے دوران ایران میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایران نے جواباً خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکا مزید حملے نہیں کرتا تو وہ بھی جنگ بندی برقرار رکھے گا۔

ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے انتظام میں عمان کے ساتھ مشترکہ تعاون چاہتا ہے اور بحری خدمات کے عوض جہازوں سے رضاکارانہ فیس وصول کرنے کا حامی ہے۔ دوسری جانب امریکا اس قسم کی فیس کو بین الاقوامی قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جنگ سے پہلے والی آزادانہ اور بلا معاوضہ بحری آمدورفت کی بحالی کا مطالبہ کر رہا ہے۔

close