حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی نئی تجویز پیش کر دی ہے، جس کے تحت یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز، انسٹاگرام اور ایکس (ٹوئٹر) سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے کمائی کرنے والوں پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فنانس بل میں انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت نیا سیکشن 154B شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا اکانومی سے حاصل ہونے والی آمدن کو باقاعدہ ٹیکس نظام میں لانا ہے۔
مجوزہ قانون کے تحت یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس کٹوتی کی جائے گی۔ بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی ادارے اس بات کے پابند ہوں گے کہ سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن اکاؤنٹس میں منتقل ہوتے ہی ٹیکس کاٹ لیں۔
اسی طرح آن لائن پیمنٹ سروسز اور ڈیجیٹل فنانشل پلیٹ فارمز کے ذریعے موصول ہونے والی تمام رقوم بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گی۔
فنانس بل کے مطابق پاکستان کے رہائشی افراد کے لیے یہ ودہولڈنگ ٹیکس کم از کم ٹیکس تصور ہوگا، جبکہ غیر رہائشی افراد کے لیے اسے فائنل ٹیکس شمار کیا جائے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اس نظام کے نفاذ کے لیے قواعد و ضوابط بعد میں جاری کرے گا۔
حکومتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل معیشت کو دستاویزی بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






