پاکستان انگلینڈ میچ، جعلی ٹکٹ بیچنے والا شخص گرفتار، ملزم سے کتنے جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے؟

کراچی (آئی این پی) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی 20سیریز کے چوتھے میچ کے موقع پر شائقین کو جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا،ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)پولیس ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے مابین ٹی 20سیریز کے چوتھے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ پر درجن سے زائد ایسے شائقین آئے، جن کے پاس ٹکٹ جعلی تھے،

ان افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہی ایک ایسے شخص کی نشاندہی ہوئی، جو ٹکٹ بیچ رہا تھا،پولیس حکام کے مطابق ملزم سودھیش رضا کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جس سے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ کے 19جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے،عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او عدیل افضال کے مطابق ملزم سودھیش رضا کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420کے تحت ایف آئی آر نمبر 206درج کرلی گئی ہے جبکہ جعلی ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔۔۔۔