ممبئی (پی این آئی)بھارت کی سابقہ اداکارہ، ماڈل اور رقاصہ ثناء خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بتادی۔ انہوں نے دو برس قبل شوبز انڈسٹری چھوڑنے، انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کر کے سب کو حیران کردیا تھا۔تاہم حال ہی میں 2012 میں بگ باس 6 سے شہرت حاصل کرنے والی ثناء خان نے اپنے ایک ویڈیو انٹرویو میں جو انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کیا، اس میں نام، شہرت اور دولت چھوڑنے کی وجہ بتائی۔
انٹرویو کے دوران ثناء خان انڈسٹری چھوڑنے اور حجاب پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے کافی جذباتی بھی ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ماضی کی زندگی میں ان کے پاس ہر چیز تھی، عزت، دولت اور شہرت سب کچھ، جو چاہے وہ کرسکتی تھی لیکن ایک چیز کی کمی تھی یعنی قلبی سکون نہیں تھا۔ ثناء خان نے مزید کہا کہ اس صورتحال کے باعث میں بڑی مشکل میں تھی اور کئی کئی دنوں تک ڈپریشن میں رہی، پھر وہ وقت آیا جب اللّٰہ تعالیٰ کا پیغام اور اس کی علامات ملنے لگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2019 کے ماہ رمضان کے بارے میں مجھے آج تک یاد ہے کہ میں خواب و خیال میں ایک قبر دیکھا کرتی تھی، جو جلتی ہوئی تھی اور میں خود کو اس میں پاتی تھی، جس پر میں نے محسوس کیا کہ یہ وہ علامتی پیغام ہے جو اللّٰہ تعالیٰ کی جانب سے مجھے تبدیلی کے لیے ملا ہے اور میرا خاتمہ اسی طرح ہونا تھا، اس کی وجہ سے میں فکر مند ہوئی۔ثناء کا کہنا ہے کہ اس دوران میں نے ترغیبی تقاریر بھی سنیں، مجھے یاد ہے کہ میرے اندر تبدیلیاں آنے لگیں۔
ان کے مطابق پیغام میں کہا گیا تھا کہ تم نہیں چاہتی کہ تمہارا روز آخر حجاب پہننے کا پہلا دن نہ ہو اور یہی وہ چیز تھی جس نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا، یہ بتاتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئیں۔ثناء نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ اگلی صبح جو میری سالگر ہ کا بھی دن تھا، میرے پاس گھر پر کافی اسکارف تھے جو میں نے پہلے خریدے تھے اسے نکال کر پہننا اور اپنے آپ سے کہا کہ اب میں کبھی بھی اسے نہیں اتاروں گی۔واضح رہے کہ اس سال ثناء خان نے اپنے شوہر انس سید کے ساتھ فریضہ حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں