پی سی بی سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز، کب سے شروع ہو گا؟ تاریخ سامنے آ گئی

پی سی بی اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔

افتتاحی تقریب میں بیکن ہاؤس اور ایچی سن کالج کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس دوپہر ڈیڑھ بجے جبکہ مقابلہ دو بجے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر خصوصی میوزک کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔

گزشتہ سال کی کامیابی کے بعد پی سی بی نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو رواں سال مزید بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں سال 100 اضلاع کے ایک ہزار 400 اسکولوں سے تقریباً 21 ہزار طلبہ پروگرام میں حصہ لیں گے، جبکہ مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پروگرام کا مقصد اسکول سطح پر نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش، نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔

گلگت سے گوادر تک مختلف علاقوں کے اسکول اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک ہوں گے۔