چھٹیوں پر بیرون ملک جانے والے سرکاری افسران کیلئے اہم خبر ، سخت نگرانی کا فیصلہ کر لیا گیا

حج، عمرہ یا سیروتفریح کے لیے بیرون ملک جانے والے سرکاری ملازمین کی ایکس پاکستان رخصتوں کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے نے چھٹیوں کی جانچ پڑتال کا نظام ڈیجیٹل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت سرکاری ملازمین کو جاری کیے جانے والے این او سی پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے ایئرپورٹ پر اسکین کرکے این او سی کی تصدیق کی جائے گی۔ اس اقدام سے جعلی یا غیر مستند این او سی کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا ڈیجیٹل نظام ابتدائی طور پر ایف آئی اے کے ہولڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر سرکاری محکموں کو بھی مرحلہ وار اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت تمام سرکاری ملازمین کے ایکس پاکستان سفر کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ حج یا عمرہ کی چھٹی حاصل کرکے دیگر ممالک کا سفر کرنے والے ملازمین پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

حکام کے مطابق حج اور عمرہ کے نام پر چھٹی لے کر اسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکے گی۔