’مرزا پور‘ نے بڑی اسکرین پر آتے ہی تہلکہ مچا دیا، پہلے روز ہی کتنا بڑاا بزنس ؟ جانئے

بھارت کی مقبول ویب سیریز ’مرزا پور‘ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے بعد سینما گھروں میں بھی اپنی مقبولیت ثابت کر دی۔ فلمی ورژن ’مرزا پور: دی مووی‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے۔

علی فضل، پنکج ترپاٹھی اور دیویندو سمیت معروف اداکاروں سے سجی یہ فلم 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، جہاں ایڈوانس بکنگ کے دوران ہی اسے شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق فلم نے پہلے روز 25 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا کاروبار کیا۔ ناقدین اور شائقین کی جانب سے ملنے والے مثبت ردعمل نے بھی فلم کی باکس آفس کارکردگی کو مزید مضبوط کیا۔

فلم کی پہلے دن کی کمائی حالیہ ریلیز ہونے والی فلموں ’آوارہ پن 2‘، ’دھمال 4‘، ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ اور ’بھوت بنگلہ‘ کی اوپننگ سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

’مرزا پور: دی مووی‘ کی ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی ہے جبکہ فلم کی کہانی پنیت کرشنا نے تحریر کی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں علی فضل، دیویندو، پنکج ترپاٹھی، جتیندر کمار، رسیکا دگل، روی کشن، شریا پلگاؤںکر اور شویتا ترپاٹھی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ’مرزا پور‘ کا آغاز 2018 میں ایک ویب سیریز کے طور پر ہوا تھا۔ 2024 تک اس کے تین سیزنز ریلیز کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد میکرز نے مقبول فرنچائز کو بڑے پردے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔