کراچی (آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی وزرا کی بیان بازی صوبے کے خلاف سیاسی جارحیت کے مترادف ہے۔ خواجہ آصف سندھ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف دو رخی نہیں بلکہ دوٹوک، اصولی اور آئینی ہے۔ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو بار، جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ بار قراردادیں منظور کر چکی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش کرے، لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط، آئین کو بالادست اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔






