پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں مزید اضافہ

پشاور (آن لائن) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پشاور کی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کے مطابق پشاور سے راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہروں کے لیے کرایوں میں 100 روپے سے 2500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اے سی اور نان اے سی گاڑیوں کے کرائے بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔

صوبے کے مختلف اضلاع کے لیے چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 100 سے 500 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ اندرونِ شہر پشاور میں کرائے 5 سے 20 فیصد تک بڑھا دیے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پشاور سے کارگو کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مختلف شہروں کے لیے بکنگ کرنے والے ٹرالرز، ٹرکوں اور ویلرز کے کرایوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے لگا ہے۔