اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وفاقی حکومت کے تحت سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں میں شفافیت، کارکردگی اور خالی آسامیوں پر تیز رفتار تقرریوں پر زور دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی بھرتیوں سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت کے بھرتی نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی بھرتیوں میں شفافیت، کارکردگی اور خالی آسامیوں پر تیز رفتار تقرریوں پر غور کیا گیا، جبکہ بھرتیوں کے عمل میں دستی کارروائی اور غیر ضروری مداخلت کم کرنے پر زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے شفاف، مربوط اور ٹیکنالوجی پر مبنی ریکروٹمنٹ فریم ورک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیا بھرتی نظام وزیراعظم کے ڈیجیٹل گورننس اور میرٹ پر مبنی تقرریوں کے وژن سے ہم آہنگ ہوگا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری کابینہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔






