سڈنی (آن لائن) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر گلین میک گرا نے پاکستانی لیجنڈری باؤلر وسیم اکرم کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اکرم کی چھوٹی انگلی میں جتنی مہارت ہے، اتنی میرے پورے جسم میں بھی نہیں۔
ایک انٹرویو میں گلین میک گرا نے کہا کہ ظاہر ہے وہ وسیم اکرم کو پہلے نمبر پر رکھیں گے، وہ واقعی ناقابلِ یقین تھے اور وہ انہیں اب تک کے عظیم ترین باؤلرز میں شمار کرتے ہیں۔ گیند کو دونوں سمتوں میں سوئنگ کرانے کی وسیم اکرم کی مہارت، کریز پر ان کی طاقت اور رفتار، سب کچھ ہی ناقابلِ یقین تھا۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کی ٹیسٹ کرکٹ میں 400 سے زائد اور ون ڈے میں 500 وکٹیں ہیں۔
گلین میک گرا نے کہا کہ وسیم اکرم کا باؤلنگ ایکشن بھی بالکل منفرد تھا۔ وہ زیادہ اچھل کر گیند نہیں کراتے تھے بلکہ کریز پر ایسی رفتار اور طاقت سے آگے بڑھتے تھے کہ اندازہ ہی نہیں ہوتا تھا۔ ان کا پچھلا پاؤں دراصل اسکرین کی طرف ہوتا تھا، اس لیے یقیناً آپ کسی کو ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے، لیکن اس انداز نے انہیں کریز سے پوری طاقت کے ساتھ گزرنے میں مدد دی۔
انہوں نے کہا کہ جب پہلی بار وسیم اکرم کا سامنا کیا تو وہ گیند کا انتظار کر رہے تھے اور انہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ گیند وکٹ کیپر کے پاس پہنچ چکی ہے، اس لیے وہ بالکل بے بس تھے۔
گلین میک گرا نے کہا کہ جب وہ وسیم اکرم کے سامنے بیٹنگ کرتے تھے تو ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ وسیم اکرم کے ایک ہاتھ کی چھوٹی انگلی میں جتنی مہارت ہے، اتنی ان کے پورے جسم میں بھی نہیں۔






