کوریا کے خلاف سیریز اور ایشین گیمز کے لیے قومی ہاکی اسکواڈ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ہاکی ورلڈکپ 2026 میں شرکت کرنے والا قومی اسکواڈ ہی کوریا کے دورے پر جائے گا اور بعد ازاں یہی کھلاڑی ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ کے اسکواڈ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی۔
کوریا ہاکی ایسوسی ایشن نے پاکستان کی قومی سینئر ہاکی ٹیم کے پری ایشین گیمز ٹریننگ کیمپ اور پریکٹس میچز کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔
قومی ٹیم 6 سے 14 ستمبر تک کوریا کا دورہ کرے گی، جہاں ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ سیشنز اور تین پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے۔
قومی ٹیم 5 ستمبر کو پاکستان سے کوریا کے لیے روانہ ہوگی اور 6 ستمبر کو وہاں پہنچے گی۔ 7 ستمبر کو مشترکہ ٹریننگ سیشن ہوگا جبکہ 8 ستمبر کو پہلا پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔
9 اور 10 ستمبر کو مشترکہ ٹریننگ سیشنز کے بعد 11 ستمبر کو دوسرا پریکٹس میچ ہوگا۔ 12 ستمبر کو ایک اور مشترکہ ٹریننگ سیشن کے بعد 13 ستمبر کو تیسرا پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، جبکہ قومی ٹیم 14 ستمبر کی رات کوریا سے وطن واپس روانہ ہوگی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق ٹریننگ کیمپ اور پریکٹس سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ایشین گیمز سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے اور خامیوں پر قابو پانے کا اہم موقع ملے گا۔






