نئے صوبوں کے مطالبے کی وجہ کیا؟ حمزہ شہباز کا اہم مؤقف سامنے آگیا

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے صحافتی تنظیم پیما کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام اور بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں بروقت بلدیاتی انتخابات کروا لیتیں تو نئے صوبوں کا معاملہ اس طرح سامنے نہ آتا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ ہی ہونے چاہئیں تاکہ نچلی سطح تک جمہوری نظام مؤثر انداز میں کام کرسکے۔

حمزہ شہباز نے بیوروکریسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی نے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کر دیے ہیں۔