وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو تین سال کے لیے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر تعینات کر دیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری ڈیپوٹیشن پر تین سال کے لیے کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے دیگر اہم تقرریوں اور تبادلوں کی بھی منظوری دی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی اور سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں 4 ستمبر 2026 سے ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔
جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم آفس جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔ پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری، جبکہ گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سپرد کردی گئی ہیں۔ پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں۔
میجر جنرل فیصل نصیر کو 2022 میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ انہوں نے پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے عسکری کیریئر کے ابتدائی دور میں ملٹری انٹیلیجنس سے وابستہ ہوگئے تھے۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران دو مرتبہ بلوچستان میں بھی تعینات رہے۔
فیصل نصیر نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ سکیورٹی اور انٹیلی جنس امور میں گزارا۔ اس دوران انہوں نے بلوچستان اور کراچی میں انسدادِ دہشت گردی اور امن و امان سے متعلق مختلف ذمہ داریاں انجام دیں۔
جولائی 2022 میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد انہیں انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) میں ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر انٹیلیجنس (ڈی جی سی) مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے اندرونی سکیورٹی اور کاؤنٹر انٹیلیجنس سے متعلق امور کی نگرانی کی۔
ان کی عسکری خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغۂ بسالت اور ہلالِ شجاعت سمیت مختلف اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔






