پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی قریبی دوست اور فلم اسٹار لیلیٰ کی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
لیلیٰ ان دنوں ایک پاکستانی ریئلٹی شو میں شرکت کے باعث دوبارہ خبروں میں ہیں، جہاں ناظرین ان کے انداز اور دیگر شرکا کے ساتھ ان کی گفتگو کو پسند کر رہے ہیں۔
حال ہی میں میرا نے انسٹاگرام پر لیلیٰ کے حق میں ایک تفصیلی پیغام شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے انہیں سپورٹ کرنے اور ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیلیٰ نے زندگی میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کیا، جبکہ ریشم مبینہ طور پر ان کی غربت کا مذاق اڑاتی تھیں۔
میرا کے مطابق لیلیٰ نے بچپن ہی سے اپنے خاندان کی کفالت کی اور زندگی کے کئی مشکل حالات کا تنہا مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیلیٰ نے ایک وقت میں اپنی گاڑی، گھر، زیورات اور خاندان سمیت بہت کچھ کھو دیا اور انتہائی مشکل مالی حالات سے بھی گزریں۔
میرا نے الزام عائد کیا کہ ریشم نے لاہور میں تقریباً 20 سال تک لیلیٰ کو مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور کیا اور انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کی، کیونکہ اس وقت لیلیٰ کے پاس اپنا گھر یا گاڑی بھی نہیں تھی۔
اداکارہ نے لیلیٰ کو اپنی بہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اب ان کی دوست زندگی میں خوشیاں دیکھیں، شادی کریں اور ایک پرسکون و خوشحال زندگی گزاریں۔
میرا نے ریئلٹی شو میں لیلیٰ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور انہیں شو کی ’کوئین‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جیت کی سب سے زیادہ حقدار امیدوار ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے لیلیٰ کے حق میں ووٹ دینے کی بھی اپیل کی۔






