وزیراعظم شہباز شریف کا ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے لیے مکمل سہولیات فراہم کرنے کا عزم

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے صدر شوکت مرزیایوف اور ازبک عوام کو ملک کی آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے فروری 2026 میں صدر مرزیایوف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دورے اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے پہلے اجلاس سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو نئی رفتار ملی۔

شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق قیادت کی سطح پر کیے گئے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے توسیع شدہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد، کاروباری روابط میں اضافے اور باہمی مفاد پر مبنی مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔

علاقائی رابطوں کو مشترکہ اسٹریٹجک ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت اجاگر کی، جو وسطی اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے اور ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے منصوبے کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت اور موجودہ کثیرالجہتی ٹرانسپورٹ راہداریوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا، جبکہ ازبک تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، کان کنی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے فضائی رابطوں میں اضافے، بالخصوص تاشقند-کراچی براہ راست پروازوں کے حوالے سے پیش رفت کی حمایت کی۔ انہوں نے ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی آئندہ پاکستان کی صدارت کے لیے ازبکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، رابطوں، تجارت اور پائیدار ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے اور اقتصادی تعاون تنظیم سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے بہترین سیاسی تعلقات کو عوام کے لیے ٹھوس معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے گا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔