پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے لانگ مارچ پلان میں تبدیلی

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے منصوبے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے طے کیا ہے کہ خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلے براہ راست اسلام آباد جانے کے بجائے پہلے موٹروے کے ذریعے صوابی پہنچیں گے، جس کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے اگلے مرحلے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اگر راستہ کلیئر ہوا تو قافلوں کو صوابی سے ہری پور کی جانب روانہ کیا جائے گا، جبکہ 28 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پنجاب کی قیادت سے بھی تحریک پر نظر رکھنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس میں بعض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت لانگ مارچ کے لیے اہم ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا تو لانگ مارچ ختم کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، تاہم صوابی، ہری پور اور 28 ستمبر کے اگلے مرحلے سے متعلق تفصیلات پارٹی ذرائع کی جانب سے سامنے آئی ہیں۔