وفاقی وزیر توانائی نے اپنے ہی محکمے کی کارکردگی کا پول کھول دیا

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی نے پاور سیکٹر میں موجود نقائص اور لوڈشیڈنگ سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

محمد ادریس کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی نے اپنے ہی محکمے کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈیمانڈ نوٹس میں مبینہ ملی بھگت کے ذریعے بجلی کا لوڈ کم ظاہر کرنے سے نظام پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ بجلی کا عملہ رشوت لے کر کم لوڈ درج کرواتا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کے نظام کی منصوبہ بندی متاثر ہوتی ہے اور پورے سسٹم پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمانڈ نوٹس میں لوڈ کی درست نشاندہی نہ ہونے کے باعث بجلی کے نظام پر توقع سے زیادہ بوجھ پڑتا ہے، جس سے پاور سیکٹر کے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔