:راولپنڈی 22 جولائی
الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تین روزہ نومولود کا کامیاب آپریشن کر کے خطرناک رسولی نکال کر اسکی جان بچا لی ۔
جہلم کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے اس نومولود کو پیدائش کے فوراً بعد ایک آنکھ میں تیزی سے بڑھنے والی رسولی کے باعث الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال لایا گیا۔ فوری طبی معائنے کے بعد ماہرین نے فیصلہ کیا کہ بچے کی جان بچانے کے لیے فوری آپریشن ناگزیر ہے۔ یہ پیچیدہ آپریشن ڈاکٹر طیب افغانی، ڈاکٹر فیضان طاہر، ڈاکٹر علی رضا سید اور ڈاکٹر ایمن پر مشتمل ماہرین کی ٹیم نے سر انجام دیا۔ ایک صحت مند نومولود کی آنکھ کا وزن عموماً تقریباً تین گرام ہوتا ہے جبکہ اس بچے کی آنکھ سے نکالی گئی رسولی کا وزن 285 گرام تھا ۔
معالجین کے مطابق یہ پاکستان میں تین روزہ نومولود کی 285 گرام وزنی پیدائشی آنکھ کی رسولی کے کامیاب علاج کا پہلا دستاویزی کیس ہے۔ ڈاکٹر طیب افغانی نے بتایا کہ آپریشن کامیاب رہا اور نومولود تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ نومولود بچوں میں آنکھ کی رسولیاں بہت کم پائی جاتی ہیں تاہم بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ تیزی سے بڑھ سکتی ہیں۔ ایسے مریضوں کو فوری طور پر کسی خصوصی امراض چشم کے مرکز منتقل کرنے سے کامیاب علاج کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہو جاتاہے۔
ڈاکٹر طیب افغانی نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر کسی نومولود کی آنکھ غیر معمولی طور پر بڑی نظر آئے، مسلسل سوجن ہو، آنکھ کی ساخت غیر معمولی دکھائی دے یا آنکھ کے اردگرد کوئی غیر معمولی تبدیلی محسوس ہو تو فوری طور پر طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ بروقت تشخیص سے بچے کی جان بچائی جا سکے۔ صحت یابی کے بعد بچے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ مصنوعی آنکھ لگائی جائے گی جس سے چہرے کی قدرتی نشوونما، ظاہری توازن اور بچے کی مجموعی صحت مند افزائش میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






