خراب نتائج والے اسکولز کیخلاف بڑا فیصلہ

پنجاب میں صفر فیصد نتائج دینے والے سرکاری اسکولوں کے سربراہان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر سے صفر فیصد نتائج والے اسکولوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ راولپنڈی بورڈ کے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 184 اسکولوں کا نتیجہ صفر فیصد رہا جن میں 81 سرکاری اسکول شامل تھے۔

ضلعی تفصیل کے مطابق راولپنڈی کے 91، اٹک کے 35 اور چکوال کے 26 اسکول صفر فیصد نتیجہ دینے والوں میں شامل ہیں۔ اسی طرح جہلم کے 24، مری کے 10 اور تلہ گنگ کے 8 اسکولوں کا نتیجہ بھی صفر فیصد رہا۔

ذرائع کے مطابق صفر فیصد نتائج والے اسکولوں کے سربراہان سے جواب طلبی سمیت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلسل ناقص تعلیمی کارکردگی والے اداروں اور ذمہ دار افسران کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

ناقص تعلیمی نتائج پر ذمہ دار اسکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔