نادرا نے شہریوں کیلئے ایک زبردست سہولت متعارف کروا دی

نادرا نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ اب کسی بھی کام کے لیے نادرا دفتر میں قطار میں لگ کر باری کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے کسی بھی نادرا دفتر میں مطلوبہ وقت پر اپوائنٹمنٹ بک کرنے کی سہولت دے دی ہے۔ اس طرح شہری مقررہ وقت سے کچھ دیر پہلے جا کر بغیر انتظار کے خدمات حاصل کر سکیں گے۔

نادرا نے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن بھی جاری کیا ہے جس میں کئی نئی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ ترجمان شباہت علی کے مطابق نئی ایپ میں ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کروانے، فیملی ریکارڈ درست کرنے، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹل سہولت جیسے اہم فیچرز شامل ہیں۔

اب شہریوں کو شناختی کارڈ کی درخواست کا سٹیٹس جاننے کے لیے بھی دفتر جانے کی ضرورت نہیں۔ نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر لاگ ان کر کے “ٹریکنگ” کا آپشن منتخب کریں اور سلپ پر موجود ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ درج کر کے درخواست کی صورتحال معلوم کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ٹریکنگ آئی ڈی 8400 پر ایس ایم ایس کر کے یا 1777 پر کال کر کے بھی سٹیٹس چیک کیا جا سکتا ہے۔

نادرا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ شناختی کارڈ بننے کے بعد اسے بروقت وصول کرنا ضروری ہے۔ پالیسی کے مطابق ڈلیوری کی آخری تاریخ کے تین ماہ بعد غیر وصول شدہ کارڈ تلف کر دیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں شہریوں کو نیا کارڈ بنوانے کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہوگی اور فیس بھی ادا کرنا پڑے گی۔