بریٹش کونسل نے اسکاٹش حکومت کے اشتراک سے اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ اسکیم برائے نوجوان خواتین و طالبات 2026-27 کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اس اسکالرشپ کا مقصد پاکستان کے مالی طور پر پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام 2013 میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک پاکستان بھر میں 25 ہزار سے زائد طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کی جاچکی ہے۔
اسکالرشپ ایچ ای سی سے تسلیم شدہ پاکستانی جامعات میں بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز میں زیر تعلیم یا داخلہ لینے والی اہل طالبات کے لیے دستیاب ہے۔ تعلیم، زراعت و غذائی تحفظ، پائیدار توانائی، ہیلتھ سائنسز، موسمیاتی تبدیلی اور اسٹیم انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں کو اسکالرشپ میں شامل کیا گیا ہے۔
منتخب طالبات کی ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی، جبکہ ضرورت کے مطابق یونیورسٹی ہاسٹل کے اخراجات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ آن کیمپس ہاسٹل میں رہنے والی طالبات کو سال میں دو مرتبہ گھر اور یونیورسٹی کے درمیان سفر کے اخراجات بھی دیے جائیں گے۔
ماسٹرز اور ایم فل کی طالبات کو تحقیقی کام کے لیے معیاری لیبارٹریز، آلات اور دیگر ضروری سہولیات تک رسائی کی غرض سے ریسرچ فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
پوسٹ گریجویٹ طالبات دو سالہ ماسٹرز یا ایم فل پروگرام جبکہ انڈرگریجویٹ طالبات اہل شعبوں میں چار سالہ بیچلرز ڈگری پروگرام کے لیے اسکالرشپ حاصل کرسکتی ہیں۔
درخواست گزار کے لیے پاکستانی شہری اور پاکستان میں مقیم ہونا ضروری ہے، جبکہ متعلقہ ڈگری پروگرام میں ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے داخلے کی تصدیق شدہ پیشکش بھی لازمی ہے۔
بریٹش کونسل نے اقلیتی برادریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والی طالبات کو بھی اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی خصوصی ترغیب دی ہے۔
درخواستیں 15 ستمبر 2026 تک آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اہلیت، درخواست دینے کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات بریٹش کونسل پاکستان کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔






