انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ریلز ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کو آسان بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
میٹا کی فوٹو شیئرنگ ایپ میں ’فرسٹ ڈرافٹ‘ نامی نیا ایڈیٹنگ ٹول شامل کیا گیا ہے، جو منتخب ویڈیو کلپس کو خودکار طور پر ایڈٹ کرکے ریل کا ابتدائی ورژن تیار کرے گا۔
یہ ٹول ویڈیو کلپس کا دورانیہ مختصر کرنے، غیر ضروری حصے ہٹانے اور اہم لمحات کو یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے صارفین کو ویڈیو کا ابتدائی ڈرافٹ چند لمحوں میں مل جائے گا۔
انسٹاگرام کے مطابق ’فرسٹ ڈرافٹ‘ ٹول تقریباً 10 سیکنڈ میں ابتدائی ریل تیار کرسکتا ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہوگا جو پیچیدہ ویڈیو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر استعمال کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔
فی الحال یہ فیچر سب سے پہلے آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ صارفین انسٹاگرام کیمرا یا ریلز گیلری سے متعدد ویڈیو کلپس منتخب کرکے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
نئے فیچر کے باعث صارفین کو ویڈیوز ایڈٹ کرنے کے لیے انسٹاگرام سے باہر کسی دوسرے ایپ یا سافٹ ویئر کا سہارا لینے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔






