ایل پی جی مہنگی ، اب قیمت کیا ؟

شہر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سوئی گیس کی عدم دستیابی اور انتہائی کم پریشر کے باعث شہری ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے، لیکن متبادل ایندھن بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگیا۔ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ایل پی جی 400 سے 470 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

ایل پی جی کی سرکاری قیمت 258 روپے 65 پیسے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہر میں دکاندار مبینہ طور پر سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔ سرکاری قیمت اور بازار میں وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان بڑے فرق نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں سوئی گیس دستیاب نہیں اور پریشر اتنا کم ہے کہ چولہے نہیں جلتے، جبکہ ایل پی جی سلنڈر خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق کھانا پکانے جیسی بنیادی ضرورت پوری کرنے کے لیے بھی انہیں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایل پی جی دکانداروں کا مؤقف ہے کہ پلانٹس پر گیس سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں، اس لیے مہنگے داموں خریدی گئی ایل پی جی مقررہ قیمت پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے ساتھ ایل پی جی کی قیمتوں کو بھی سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں اس دہری پریشانی سے نجات مل سکے۔