پٹرول 100 روپے سستا، خصوصی ریلیف اسکیم کا طریقہ کار سامنے آگیا

وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا ہے۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا ہے، جس کے ذریعے مستحق شہریوں کو شفاف انداز میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی کیلئے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کیلئے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔ صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شعبوں کے تعاون سے گاڑیوں کی تصدیق کا عمل بھی خودکار بنایا گیا ہے۔

رجسٹریشن کیلئے شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ سم سے REG اسپیس شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش، اسپیس گاڑی کا نمبر بغیر اسپیس یا ڈیش، اسپیس صوبائی کوڈ، اسپیس گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر ایس ایم ایس کریں گے۔ کامیاب رجسٹریشن پر تصدیقی جواب موصول ہوگا۔

پٹرول لینے سے قبل شہری اپنے موبائل سے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کریں گے۔ موصول ہونے والا فیول ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد تصدیق کی صورت میں رعایتی پٹرول فراہم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ریلیف پٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب سے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع کی جائے گی۔