اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور اس کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں سے عوام پر بڑھتے بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک بار پھر خصوصی ریلیف اسکیم کا اجرا کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم شروع کی جا رہی ہے۔ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت 2 اور 3 پہیوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول کے لیے 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں اس اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ پورے پاکستان، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجرا کردیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار سے آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں تعاون پر صوبوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔






