پی سی بی نوجوان آل راؤنڈر کا بھرپور خیال رکھے، شاہد آفریدی

کراچی: قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی رضا اللہ کے شاندار آل راؤنڈ ڈیبیو پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لیے نمایاں فرق پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ رضا اللہ نے اپنی قوت ارادی اور بڑے دل سے سب کو دکھا دیا کہ عزم و حوصلے سے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

شاہد آفریدی نے نوجوان کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ رضا اللہ کا بھرپور خیال رکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، تاہم نوجوان کھلاڑی رضا اللہ نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

رضا اللہ نے 9 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس کی بدولت پاکستان انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا تھا۔ رضا اللہ جب وکٹ پر آئے تو قومی ٹیم کو انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے 4 رنز درکار تھے اور صرف دو وکٹیں باقی تھیں۔