نیا فیچر متعارف ،یوٹیوب صارفین کے لئے اہم خبر

یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے نیا پروفائل لاک فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے محفوظ بنا سکے گا۔

یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق یہ فیچر اب عالمی سطح پر صارفین کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔ فیچر فعال ہونے کے بعد گھر میں موجود دیگر افراد صارف کے پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے، نہ سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات میں تبدیلی کرسکیں گے۔

پروفائل لاک کرنے کے لیے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں سیٹنگز کے ذریعے فیچر فعال کیا جاسکتا ہے۔ یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے الگ ہوگا، یعنی مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کرنے کی صورت میں ہر ڈیوائس پر الگ لاک سیٹ کرنا ہوگا۔

فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کو ہر بار ریموٹ سے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد موبائل فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی اسے ان لاک کیا جاسکے گا، تاہم اس کے لیے نوٹیفکیشن فیچر فعال ہونا ضروری ہے۔

اگر صارف کوڈ بھول جائے تو ٹی وی اسکرین پر موجود ’فارگیٹ پاسورڈ‘ آپشن کے ذریعے گوگل اکاؤنٹ کی معلومات استعمال کرکے پروفائل دوبارہ ان لاک کیا جاسکتا ہے اور نیا کوڈ بھی ترتیب دیا جاسکتا ہے۔

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ چار ہندسوں کا یہ کوڈ حقیقی پاس ورڈ کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، کیونکہ اس فیچر کا مقصد مشترکہ ڈیوائسز پر صارف کی پروفائل پرائیویسی برقرار رکھنا ہے۔