برائلر گوشت مہنگا، انڈوں کی قیمت بھی بڑھ گئی

لاہور (آن لائن) شہر میں برائلر گوشت کی قیمت میں 29 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 454 روپے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ کھلے بازار میں قیمتیں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت 285 روپے فی کلوگرام، تھوک قیمت 299 روپے فی کلوگرام جبکہ پرچون قیمت 313 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔ تاہم مارکیٹ میں صاف گوشت 570 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد فی درجن انڈوں کی قیمت بڑھ کر 267 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔