اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مشکوک ڈرون گر کر تباہ ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس، وفاقی سیکرٹریٹ اور دیگر حساس عمارات سے کچھ فاصلے پر واقع سیکٹر ایف-6/1 کے قریب ایک مشکوک سرویلنس ڈرون گر کر تباہ ہوا۔
اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ مشکوک ڈرون کے ملبے کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ ڈرون کس نے اور کہاں سے اڑایا تھا، جبکہ یہ بھی سامنے نہیں آیا کہ ڈرون کس وجہ سے تباہ ہوا۔
پولیس کے مطابق ڈرون سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی قسم کا ڈرون اڑانے پر سخت پابندی عائد ہے۔






