ایران کے خلاف امریکی حملوں میں وقفے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف دو ہفتوں سے جاری حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زیادہ کم ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.58 ڈالر یعنی 5.77 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 91.20 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت 4.91 ڈالر یعنی 5.50 فیصد کمی کے بعد 84.40 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کے امکانات بڑھنے سے تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہوئے، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف حملے روکنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 13 روز سے جاری کارروائی روکنے کا حکم جمعے کو دیا گیا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ وقفہ عارضی ہے یا اس کا مقصد مکمل جنگ بندی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






