بجلی کے بلوں میں بڑی تبدیلی، نیا اور آسان فارمیٹ متعارف

اسلام آباد : بجلی بلوں میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کردیا گیا ، جس سے صارفین کے لیے بل سمجھنا مزید آسان ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کی طویل المدتی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا، سادہ اور آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کا مقصد بلنگ کے نظام میں شفافیت لانا اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے وزارتِ توانائی کی خصوصی ہدایت پر بجلی کے بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا ہے، نئے فارمیٹ کی تیاری میں سادگی، شفافیت اور صارفین کی سہولت کو بنیادی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ عام شہری کے لیے اپنے بل کو سمجھنا مزید آسان ہو سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ بجلی کا پرانا بل غیر ضروری معلومات، پیچیدہ تکنیکی اصطلاحات اور الجھی ہوئی ترتیب کے باعث عام صارفین کے لیے سمجھنے میں انتہائی مشکل تھا، جس کی وجہ سے اکثر صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، انھی شکایات کے پیش نظر بل کے فارمیٹ کو مکمل طور پر ازسرِ نو ترتیب دیا گیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ نئے ڈیزائن میں بل کی کل رقم، ادائیگی کی مقررہ تاریخ اور بجلی کے استعمال ہونے والے یونٹس کی تفصیلات کو بالکل واضح اور نمایاں طور پر درج کیا گیا ہے۔

صارفین اب ایک ہی نظر میں بجلی کی ماہانہ کھپت، بل کی مکمل تفصیلات اور ادائیگی سے متعلق تمام معلومات آسانی سے دیکھ سکیں گے۔

ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے نئے بجلی کے بلوں میں کیو آر کوڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے فوری طور پر بل کی تصدیق اور آن لائن ادائیگی کر سکیں گے۔

وزارتِ توانائی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید اور آسان فارمیٹ کے بعد صارفین اور بجلی کمپنیوں کے درمیان بلنگ کے معاملات زیادہ شفاف ہوں گے اور صارفین کو کسی قسم کی ابہام کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close