ایران امریکا معاہدے کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایران اور امریکا میں امن معاہدے کے بعد عالمی اور ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے جمعہ 19 جون کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعد نماز جمعہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف بڑے مظاہرے کیے جائیں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اب پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے فی لیٹر کمی سے کام نہیں چلے گا بلکہ وقت آگیا ہے کہ پٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے اور پٹرول کی قیمتوں کو تین سال کے لیے منجمد بھی کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گر رہی ہے جب کہ ہماری حکومت پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے،
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےغریب اور مڈل کلاس عوام کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے۔ پٹرول پر لیوی کی فوری کم کی جائے، اس کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 19 جون کے احتجاج میں ضرور شرکت کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






