اسلام آباد : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور معاہدے کے مثبت اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ورکنگ نہیں کی گئی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر مشاورت جاری ہے۔ حتمی فیصلہ ہونے کے بعد متعلقہ ادارے ورکنگ مکمل کریں گے اور پھر نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین مقررہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا اور اسی بنیاد پر کمی یا ردوبدل کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 81 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






