پاکستان کے پاس تیل و گیس کا کتنا ذخیرہ موجود ہے؟تفصیلات سامنے آ گئیں

 پاکستان میں توانائی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقامی سطح پر تیل کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ پیش رفت ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ  کی یومیہ تیل پیداوار 32 ہزار بیرل سے بڑھ کر 41 ہزار بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک نے انکشاف کیا کہ ادارہ اپنی پیداواری صلاحیت کو 43 ہزار بیرل یومیہ سے بھی تجاوز تک لے جانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل ملک بھر میں او جی ڈی سی ایل کی پیداوار تقریباً ساڑھے 32 ہزار بیرل یومیہ تھی، تاہم اضافی اقدامات اور نئی حکمت عملی کے باعث یہ بڑھ کر 41 ہزار بیرل یومیہ تک جا پہنچی ہے۔

ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے مزید بتایا کہ اس وقت کمپنی کے پاس ملک میں تیل اور گیس کے ایسے ذخائر موجود ہیں جو تقریباً 17 سال تک ضروریات پوری کر سکتے ہیں، جبکہ مالی سال 2022-23 میں یہ مدت 12 سال تھی۔ملک بھر میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے مجموعی ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ماہ کوہاٹ کے علاقے براگزئی میں ایکس ون کنویں سے بڑی دریافت ہوئی، جسے ملکی تاریخ کی اہم ترین دریافت قرار دیا جا رہا ہے اور یہ پاکستان کی مجموعی خام تیل پیداوار کا تقریباً 10 فیصد حصہ بنتی ہے۔دوسری جانب Iبین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ تیل، بجلی اور گیس کی مقامی قیمتیں لاگت کے مطابق رکھی جائیں، تاہم مستحق صارفین کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close