مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دارالحکومت مظفرآباد میں سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کے تحت 72 ملین روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں 480 سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم ہاؤس جلال آباد کے احاطے میں بٹن دبا کر پہلی سولر اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کیا۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد قریشی، کمشنر مظفرآباد بدر منیر، میئر میونسپل کارپوریشن سکندر نثار گیلانی، چیئرمین ضلع کونسل سردار امتیاز عباسی، ڈی جی لوکل گورنمنٹ طاہر اشرف، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار مبارک حیدر، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مظفرآباد شہر ریاست کا چہرہ ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اسے دارالحکومت کے شایان شان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کو خوبصورت اور روشن بنانے کے لیے چار ماہ قبل بیوٹی فیکیشن منصوبے کا آغاز کیا گیا، جس میں چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران اور کمشنر مظفرآباد نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مختصر مدت کے دوران سیاسی بے اعتمادی کو اعتماد میں بدلنے اور سیاسی نظام کو فعال بنانے کے ساتھ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں تعمیر و ترقی کے مختلف منصوبے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں دارالحکومت پر اس انداز میں توجہ نہیں دی گئی جس کا وہ مستحق تھا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا منصوبہ طویل عرصے سے فعال نہیں ہو سکا تھا، جس کے لیے فنڈز فراہم کرکے اسے فعال کیا گیا۔ انہوں نے ٹریفک اور سیوریج کے نظام کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کو آگے لے جانے کے لیے نئے انتظامی اور ترقیاتی ماڈل اپنانے اور بعض شعبوں میں آؤٹ سورسنگ کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر ہونے والی بحث کا بنیادی مقصد بھی گورننس کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صلاحیت اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری کانفرنس اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے زرعی کانفرنس کا انعقاد کیا، جبکہ بیوروکریسی کی بے چینی دور کرنے، پولیس اصلاحات اور عوامی محرومیوں کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ “تنقید ان پر ہوتی ہے جو کام کرتے ہیں۔ ہم نے مختصر مدت میں ریاست کے ہر شعبے پر توجہ دینے اور خود کو زیادہ سے زیادہ عوام کے درمیان رکھنے کی کوشش کی۔ ہم نے سات ماہ میں صرف ٹریلر دکھایا ہے، اتنے کم وقت میں عموماً کوئی حکومت اپنا باقاعدہ آغاز بھی نہیں کر پاتی۔”
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد قریشی نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 72 ملین روپے کی لاگت سے شہر بھر میں 480 سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔ دارالحکومت کے چاروں داخلی و خارجی راستوں، اندرون شہر اور اہم شاہراہوں کو سولر لائٹس سے روشن کیا جائے گا۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں اور بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کو فعال کرنے کے ساتھ بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی پنشن کے معاملات حل کرنے اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔






