اسلام آباد: حکومت نے چھوٹے تاجروں کے لیے “ریٹیلر اسکیم ایپ” کا باضابطہ اجرا کر دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ نئی ایپ کے ذریعے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ سازی اور ٹیکس پالیسی بناتے وقت پارلیمنٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ناگزیر ہے۔ تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم کا حصہ بنیں اور فائدہ اٹھائیں۔ جو لوگ شامل نہیں ہوں گے ان کے خلاف مستقبل میں ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 25 سے 26 کروڑ کی آبادی والے ملک کے لیے آسان نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا ہے۔ ریٹیلر ایپ کے ذریعے ٹیکس کا دائرہ وسیع اور نظام کو ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ انہیں ہراساں نہیں کیا جائے گا۔






