دہشتگردی کا منصوبہ بنانے والے بھارتی پراکسی کے 3 دہشتگرد گرفتار

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے سندھ رینجرز اور حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں یومِ آزادی کے موقع پر اسٹال پر فائرنگ کرنے والے کالعدم سندھودیش ریوولیوشنری آرمی کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

 

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی عرفان بہادر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 12 اگست کی رات کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رہائشی امان کو بیوی اور بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا جو بعد میں دم توڑ گیا۔

 

افسران کے مطابق واردات سے دو روز قبل ملزمان نے سجاد ملاح کے ذریعے اسٹالز کی ریکی کی تھی اور فائرنگ کے بعد تین مختلف موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے تھے۔ بیرونِ ملک مقیم ارسلان شاہ نے انہیں ٹاسک دیا اور نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان کو بم دھماکوں کے لیے بھی مختلف مقامات کی ریکی کی ہدایت تھی۔

 

ایس ایس پی عرفان بہادر نے کہا کہ ارسلان شاہ نے اگست کے پہلے ہفتے میں رقم بھیجی۔ ان کا مقصد یومِ آزادی پر شہر میں خوف اور افراتفری پھیلانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس آر اے کے پیچھے بھارتی پراکسی شامل ہے جو قومی ایام پر تخریب کاری کروانا چاہتی ہے۔

 

18 اگست کو کورنگی کازوے کے قریب سے تینوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ ان کے قبضے سے تین دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔ انسدادِ دہشتگردی اور ایکسپلوسیو سبسٹنس ایکٹ کے تحت چار مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے اور جلد پورے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے گا۔