آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں کانٹے دار مقابلہ، غیر سرکاری نتائج میں پیپلز پارٹی 7 اور ن لیگ 6 نشستوں پر آگے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 7 جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے، جس سے دونوں جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر پولنگ کا وقت شام 5 بجے سے بڑھا کر 6 بجے تک کر دیا گیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔

ابتدائی نتائج کے مطابق ایل اے 2 چکسواری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید کامیاب قرار پائے، جبکہ دیگر کئی حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایل اے 5، ایل اے 6، ایل اے 7، ایل اے 9 اور ایل اے 11 سمیت متعدد حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آگے ہیں۔

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جبکہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 19 ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے۔

پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی، تاہم بھمبر کے حلقہ ایل اے 6 میں ایک پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد بیلٹ باکس کو آگ لگا دی گئی، جس میں موجود 232 ووٹ ضائع ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

ادھر کوٹلی کے حلقہ ایل اے 9 نکیال میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد وہاں پولنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوٹلی میں دو پریذائیڈنگ افسران کو معطل کرکے گرفتار بھی کیا گیا، جبکہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور آئی جی پولیس نے شفاف اور پرامن انتخابات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

close